Mar ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • یوکرین کو دو ارب یورو پر مشتمل مزید ہتھیار فراہم کئے جائیں گے: یورپی وزرائے دفاع

یوکرین کو دو ارب یورو پر مشتمل مزید ہتھیار فراہم کئے جائیں گے۔

سحر نیوز/ دنیا: اس بات کا فیصلہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع نے اسٹاکہوم میں ہونے والے ایک غیررسمی اجلاس کے دوران کیا ہے۔ 
اس موقع پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ادارے کے سربراہ جوزف بورل نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت، یورپ کی اسلحہ ساز پندرہ کمپنیوں کے تعاون سے یہ ہتھیار تیار کئے جائیں گے تا کہ پیداوار کے اخراجات اور وقت میں کمی لائی جاسکے۔ 
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک مہینے کے دوران ان کمپنیوں کے مابین ضروری تعاون کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی وزرائے دفاع کے فیصلے کے مطابق ایک ارب یورو پر مشتمل ہتھیار ستائیس یورپی ممالک کے موجودہ ذخیروں سے لئے جائیں گے جبکہ مزید ایک ارب یورو، یورپی اسلحہ ساز کمپنیوں اور دفاعی صنعتوں میں سرمایہ کاری پر صرف ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ یوکرین کے وزیر دفاع نے بھی اس نشست میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ کیف کو فوری طور پر دس لاکھ توپ کے گولوں کی ضرورت ہے جبکہ جنگ جاری رکھنے کے لئے یورپی ممالک کو ٹینک اور دوسری بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کرنا ہوں گی۔  
یاد رہے کہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک نے جنگ یوکرین کی آڑ میں اپنی اسلحہ ساز کمپنیوں کو اب تک ایک سو بیس ارب ڈالر کی کمائی کا موقع فراہم کیا ہے۔ 
ماہرین کا خیال ہے کہ مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی اسلحہ ساز لابی روس اور یوکرین کی جنگ کا خاتمہ ہونے نہیں دے رہی ہے۔ 

ٹیگس