جرمنی اور ہالینڈ لیپرڈ ون ٹینک یوکرین کو دیں گے
مغربی ملکوں کی جانب سے یوکرین کی جنگ کو طول دینے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ڈنمارک کی وزارت جنگ کے سربراہ ٹرولز لونڈ پولسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک، جرمنی اور ہالینڈ کے ساتھ ملکر لیپرڈ ون ٹینکوں کی پہلی کھیپ پہلی مئی کو یوکرین کے حوالے کردے گا۔ جرمن حکومت نے گذشتہ فروری کو ایک سو اسّی لیپرڈ ٹینک یوکرین کو دیئے جانے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
جرمن وزیر دفاع بوریس پیسٹوریوس نے اعلان کیا تھا کہ گرمیوں سے قبل بیس سے پچیس ٹینک تیار کرکے کیف کو دیئے جائیں گے جبکہ سن دو ہزار چوبیس سے قبل مجموعی طور پر سو ٹینک یوکرین پہنچائے جائیں گے۔ ادھر ہالینڈ کے وزیر دفاع، کیس اولونگرین نے بھی یورپ کے دیگر حکام کی طرح، ایک مداخلت پسندانہ بیان جاری کیا اور کہا کہ ان ٹینکوں تک کیف کی رسائی کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی ممالک کیف کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کرکے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو رکنے نہیں دے رہے ہیں ۔ امریکہ اور یورپی حکام کی اس پالیسی کے نتیجے میں اب تک لاکھوں عام شہری ہلاک، زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں اور عالمی معیشت بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مغربی ممالک کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کے بھیانک اثرات سب سے پہلے یورپی شہریوں پر ہی مرتب ہوئے ہیں لیکن واشنگٹن اور اسلحہ ساز اور جنگ پسند لابیوں کے دباؤ کی وجہ سے حالات سدھرنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔