امریکہ تاریخی زوال سے دوچار: نیکولس مادورو
وینزویلا کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ کی تمام پالیسیاں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں اور یہ ملک زوال کے راستے پر چل پڑا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران کہا کہ لاطینی امریکہ اور کیریبیئن علاقے میں ایک نئی ترقی پسند لہر چل پڑی ہے جس نے تمام امریکی پالیسیوں اور نام نہاد اتحادوں کو ختم کرکے رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ میں جسے واشنگٹن نے ہمیشہ حقارت کی نظر سے دیکھا تھا، بائیں بازو کی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں ۔
وینزویئلا کے صدر نے کہا کہ امریکہ اب ایک ایسے تاریخی زوال کے راستے پر چل نکلا ہے جس سے واپسی ناممکن ہے۔ انہوں نے امریکی پالیسیوں کو بھی تنزلی کا شکار قرار دیا۔
نیکولس مادورو نے کہا کہ برازیل میں لولا دا سیلوا اور کولمبیا میں گوستاو پیترو کی حکومت آنے کے بعد کاراکاس نے ان دو ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے سن دو ہزار چوبیس میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دس جنوری سن دو ہزار پچیس کوعوام کا منتخب صدر حلف اٹھائے گا اور اس طرح وینزویلا میں امن اور جمہوریت کا بول بالا رہے گا۔