Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران، چین اور روس کے بڑھتے تعلقات سے امریکہ کو تشویش

امریکہ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر نے امریکی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ صرف ایران، چین اور روس کے درمیان تعلقات کی توسیع کا نظارہ کر رہی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے امریکی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ دنیا میں چین کے کردار میں توسیع اور روس اور ایران کے قریب ہونے کا صرف نظارہ کر رہی ہے۔

ہل ویب سائٹ کے مطابق، بولٹن نے اتوار کو ایک ریڈیو شو میں کہا کہ ہم خاموش بیٹھے ہیں اور چین، روس، ایران اور شمالی کوریا اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے اور ہمیں مختلف جگہوں پر دھمکیاں دینے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔

بولٹن کا یہ انتباہ ایران اور سعودی عرب کی جانب سے جمعے کو تعلقات کی بحالی کے اعلان کے بعد آیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے پاس ایک حکمت عملی ہے جس کی وہ پیروی کرتا ہے لیکن ہم مسلسل ایک شاخ سے دوسری شاخ پر چھلانگ لگاتے رہتے ہیں۔

بولٹن کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں سب سے بڑا فاتح چین ہے اور اگر روس جیت جاتا ہے، تو یہ چین کے اتحادی کی فتح ہوگی جو اسے مزید مضبوط کرے گی۔

حال ہی میں امریکہ کی قیادت میں نیٹو اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ نیٹو اتحاد اس سے کہیں زیادہ ناکام ہو چکا ہے جتنا اس کے بعض سیاسی رہنما کہہ رہے ہیں۔

ٹیگس