Mar ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز

امریکہ اور جنوبی کورویا نے جزیرہ نمائے کوریا میں حالیہ پانچ برسوں کی سب سے بڑی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے جن کا عنوان شیلڈ آف فریڈم یا آزادی کی ڈھال قرار دیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور جنوبی کوریا نے جزیرہ نمائے کوریا میں حالیہ پانچ برسوں کی سب سے بڑی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے جن کا عنوان شیلڈ آف فریڈم یا آزادی کی ڈھال قرار دیا گیا ہے اور جو آئندہ دس روز تک جاری رہیں گی۔

شمالی کوریا کے ورلڈ ریسرج سینٹر کے سربراہ آن چال ایل نے فرانس پریس سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ مشترکہ فوجی مشقیں کمیت و کیفیت کے لحاظ سے حالیہ برسوں میں اس سے قبل امریکہ اور جنوبی کوریا کی انجام پانے والی مشترکہ فوجی مشقوں سے بالکل الگ ہیں۔

جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ فوجی مشقیں ایسی حالت میں شروع ہوئی ہیں کہ ان فوجی مشقوں پر شمالی کوریا نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور پیونگ یانگ نے اعلان کیا ہے کہ یہ فوجی مشقیں ایک طرح سے اعلان جنگ ہیں۔

گذشتہ ہفتے بھی شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے اپنے ملک کی فوج کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ ایک حقیقی جنگ کے لئے اپنی توانائی بڑھائیں اور خود کو آمادہ کریں ۔

امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہونے پر جنوبی کوریا کے عوام نے سیول میں جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر کے سامنے جمع ہو کر امریکہ مخالف مظاہرہ کیا۔

سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی ان مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا کا جواب نہایت سخت اور شدید ہو گا۔

دریں اثنا اتوار کی رات شمالی کوریا نے اپنے دو کروز میزائلوں کے تجربے کئے۔

شمالی کوریا کے رہنما کی بہن نے گذشتہ ماہ جزیرہ نمائے کوریا میں فوجی مشقوں پر خبردار اور جوابی اقدامات کا انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک کشیدگی پیدا کرنے والے فریقوں کو قیمت نہیں چکانا پڑے گی پیونگ یانگ کی پالیسیوں میں اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

شمالی اور جنوبی کوریا گذشتہ ستر برسوں سے جنگ کی حالت میں ہیں دونوں ملکوں کے درمیان انیس سو پچاس سے انیس سو ترپن تک جاری رہنے والی جنگ فائر بندی کے کسی معاہدے اور کسی بھی امن سمجھوتے کے بغیر ختم ہوئی تھی۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ گذشتہ برس شمالی کوریا کی جانب سے جاری رہنے والے میزائلی تجربات سیول اور پیونگ یانگ کے درمیان مسلسل مزید کشیدکی بڑھنے کا باعث بنے ہیں۔ 

ٹیگس