شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ
جنوبی کوریا کی فوج کے دعوے کے مطابق، پیونگ یانگ نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: جنوبی کوریا کی فوج نے ایک باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر چالیس منٹ پر شمالی کوریا نے دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ دعوی کیا گیا ہے کہ یہ میزائل صوبہ جنوبی ہوانگ ہائی سے لانچ کئے گئے تھے۔ جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے بھی کہا ہے کہ ان میزائلوں سے جاپان کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شمالی کوریا نے گذشتہ روز بھی اپنے ایک آبدوز سے دو اسٹریٹیجک کروز میزائل مارنے کا تجربہ کیا تھا۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اس کے مشرقی اتحادیوں کی مسلسل فوجی مشقیں، ایک طرح سے پیونگ یانگ کے خلاف اعلان جنگ ہیں جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شمالی کوریا نے علاقے میں امریکہ کے مداخلت پسندانہ اقدامات کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ بحر الکاہل کو اپنے شوٹنگ ریمپ میں تبدیل کر کے رکھ دے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے، کم جونگ اون نے فوج کو مزید مشقیں شروع کرنے اور حقیقی جنگ کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔