جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ
جنوبی کوریا اور جاپان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ذریعے بین براعظمی بیلسٹک میزائل فائر کئے جانے کے فورا بعد ٹوکیو اور سیئول میں قومی سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا ہے
سحر نیوز/ دنیا: جنوبی کوریا کی فوج کے ہیڈکوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ پیونگ یانگ نے آج جمعرات کو بھی ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے رواں ہفتے میں شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا جانا والایہ تیسرا بیلسٹک میزائل ہے -
جمعرات کو پیونگ یانگ کی طرف سے بین براعظمی بیلسٹک میزائل ایک ایسے وقت فائر کیا گیا جب اس کے کچھ ہی دیربعد جنوبی کوریا کے صدر اور جاپان کے وزیراعظم کی ملاقات ہونےوالی تھی۔
جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یئون نے جمعرات کو ہی کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں جاری رہیں گی اور اس کے بعد انہوں نے شمالی کوریا کے میزائل فائر کرنے کے اقدام کی مذمت کی۔
جاپان کے وزیراعظم فومیوکشیدا نے بھی قومی سلامتی کا اجلاس طلب کرکے کہا ہے کہ ٹوکیو خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔
جزیرہ نما کوریا میں جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں جو شمالی کوریا کی شدید ناراضگی کا باعث ہیں ان کے بارے میں پیونگ یانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک طرح سے اعلان جنگ ہے۔
گذشتہ ہفتے شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنی فوجی مشقیں بڑھا کر ہر طرح کی جنگ کے لئے تیار رہے ۔