کیا امریکہ ہی نیتن یاہو سے پیچھا چھڑانا چاہتا ہے؟
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے بیٹے نے ایک امریکی صحافی کے اس دعوے کی تصدیق کی ہے جس نے بتایا تھا کہ امریکہ، نیتن یاہو کا تختہ الٹنا چاہتا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے صاحبزادے یائر نیتن یاہو نے ایک ٹوئٹ میں امریکی صحافی اور وکیل کے دعوے کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی صحافی مائیک لیون نے دو ہفتے قبل ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس کو اس حقیقت کی تحقیقات کرنی چاہیے کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ممکنہ طور پر بنیامن نتن یاہو کا تختہ الٹنے کی کوشش میں ایران کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔
خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوت نے رپورٹ دی ہے کہ نتن یاہو کے وفد کے ساتھ لندن جانے والے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ دو امریکی حکومتیں پہلے ہی نتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کر چکی ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا امریکی حکومت اسرائیل کے داخلی امور میں بہت زیادہ مداخلت کرتی ہے، نتن یاہو کے وفد کے ساتھ جانے والے اس عہدیدار نے زور دے کر کہا کہ معمول سے زیادہ نہیں، انہوں نے نتن یاہو کو دو بار ہٹانے کی کوشش کی، اس میں واضح مداخلت تھی، پہلے کلنٹن کی طرف سے جس کا انہوں نے اعتراف بھی کیا، اور بعد میں اوباما انتظامیہ کی طرف سے، ہم ابھی تک اس سطح تک نہیں پہنچ سکے ہیں لیکن اب بھی ایک دھکا ہے۔