Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • چین نے امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کردی

چین نے امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں سالانہ رپورٹ جاری کردی۔

سحر نیوز/ دنیا: چین کی جاری کردہ رپورٹ میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کو نظر انداز کیے جانے کی بابت امریکہ پر کڑی نکتہ چینی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔  سن دوہزار بائیس کے دوران امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے عنوان سے جاری کی جانے والی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نسلی تعصبات، ہتھیار بند تشدد، پولیس کے غیر انسانی رویئے اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے معاملات امریکہ میں عام ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی طرز جمہوریت کی جڑیں  کھوکھلی ہوچکی ہیں اور انتخابی نتائج کی تبدیلی کے لیے پیسوں کا لین دین عام ہوگیا ہے۔
چین کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو پولیس اور انتظامی اداروں کے پرتشدد اقدامات کا سامنا ہے حالانکہ واشنگٹن خود کو انسانی حقوق کا علمبردار قرار دیتا ہے۔
رپورٹ میں آیا ہے کہ امریکہ نے کیوبا، ایران، شام اور افغانستان سمیت دنیا کے بیس ملکوں کے خلاف بلا جواز اور یک طرفہ پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔
چین کی جاری کردہ اس رپورٹ میں بڑے واشگاف الفاظ میں کہا گیا ہے امریکہ دیگر ملکوں کے خلاف بار بار طاقت کا استعمال کرتا آیا ہے اور پراکسی وار کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گیا ہے۔

ٹیگس