Apr ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • یوکرین  نے کی فائر بندی کی تجویز کی مخالفت

یوکرین نے جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج کے سربراہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران روس کو شکست نہیں دی جاسکتی

سحرو نیوز/ دنیا: یوکرینی صدر کے مشیر میخائیل پودولیاک نے جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بندی کے اعلان کا مطلب مقبوضہ علاقوں میں روسی حق کو تسلیم کرنا ہوگا جبکہ ایسا ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ 
انھوں نے یوکرین میں مغربی مبصرین کی تعیناتی کو غیر اہم قرار دیا اور کہا کہ یوکرین اپنے کسی بھی علاقے میں فوج بھیجنے اور ہتھیار منتقل کرنے کا حق رکھتا ہے۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ روسی صدر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے ایک بیان میں یوکرین میں جنگ بندی سے متعلق بیلا روس کی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو اس تجویز پر غور کرے گا تاہم جنگ بندی سے یوکرین میں روس کی خصوصی فوجی کارروائی کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکیں گے۔ 
بیلا روس کے صدر نے جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں یوکرین میں فوری طور پر جنگ بند کئے جانے اور دیرپا امن اور مسائل کے حل کے لئے مذاکرات شروع کئے جانے کی تجویز پیش کی تھی۔
دوسری جانب امریکی افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایسا نہیں لگتا کہ یوکرین کی حکومت اپنے ملک کے تمام علاقوں کو روس سے واپس لے سکے گی۔ 
انھوں نے کہا کہ رواں سال میں تو ایسا ہوتا نظر نہیں آتا کہ یوکرین کی حکومت اپنے ملک کے تمام علاقوں کو روس سے آزاد کرانے میں کامیاب ہو سکے گی۔ اور روس کو شکست دے سکے گی۔
امریکہ کے جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف مائیک میلی نے کہا ہے کہ یوکرینی علاقوں سے روسی فوجیوں کو نکال باہر کرنا نہایت سخت عمل ہے اور وہ نہیں سمجھتے کہ یوکرینی فوج ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی ۔ البتہ انھوں نے کہا کہ ایسا کرنا غیر متوقع بھی نہیں ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ روسی سرحدوں کی طرف نیٹوکے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے یوکرین کے خلاف روس کی خصوصی فوجی کارروائی کو ایک سال سے زائد کا عرصہ ہو رہا ہے اور دنیا کے مختلف ملکوں اور حکام کی جانب سے جنگ بندی اور مذاکرات سے مسائل حل کئے جانے کی بارہا تجاویز پیش کی گئی ہیں مگر یوکرین اور اس کے مغربی حامیوں نے جن میں امریکہ سرفہرست رہا ہے، ان تجاویز کو ہمیشہ مسترد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ روس نے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار یوکرین کو قرار دیا ہے۔

ٹیگس