میانمار کی فضائیہ کے حملے میں 100 ہلاکتیں
میانمار میں آزاد ذرائع ابلاغ اور جمہوریت کے حامی ایک مقامی گروہ کے رکن نے کہا ہےکہ میانمار کی فضائیہ کے حملے میں تقریبا سو افراد مارے گئے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد بچوں کی شامل ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: عینی شاہدوں کے حوالے سے موصولہ رپورٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ میانمار کی فضائیہ کے ایک جیٹ طیارے نے ساگا ینگ کے علاقے کانبالو میں پازیگی قصبے سے باہر مخالفین کی تحریک کے مقامی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منگل کو جمع ہونے والے لوگوں پر بمباری کر دی جس کے بعد ایک ہیلی کاپٹر نے بھی فائرنگ کی۔
یہ علاقہ میانمار کے دوسرے بڑے شہر ماندالی کے شمال میں ایک سو دس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ایسوشیئیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا مشکل ہے چونکہ میانمار کی فوجی حکومت نے رپورٹنگ پر پابندی لگا رکھی ہے۔ اقوام متحدہ نے میانمار کی فضائیہ کے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو قانون کے حوالے کئے جانے کی ضرورت ہے۔