روس نیٹو جنگ کی صورت میں پولینڈ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا، اعلی روسی عہدیدار
ایک اعلی روسی عہدیدار نے پولینڈ کے وزیراعظم میٹیوش مورا ویسکی کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نیٹو جنگ کی صورت میں پولینڈ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
سحر نیوز/ دنیا: نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیرمین دی متری میدویدیف نے پولینڈ کے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں ایک نادان شخص قرار دیا ہے۔
میدویدیف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میٹیوش مورا ویسکی نامی شخص نے کہا ہے کہ یوکرین کو روس پر حملے کا حق حاصل ہے، اسے روس کے خلاف نیٹو کی جنگ کی پرواہ نہیں کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ ماسکو بہت جلد ہار جائے گا۔
روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیرمین نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایسی کسی بھی جنگ میں کون جیتے گا کون ہارے گا یہ ابھی سے طے نہیں کیا جاسکتا لیکن انتا ضرور ہے کہ نیٹو کی چھاونی کا کردار ادا کرنے والا پولینڈ اپنے احمق وزیراعظم کی وجہ سے ضرور نابود ہوجائے گا۔
پولینڈ ان ممالک میں سے ایک ہے جو روس کے مقابلے میں یوکرین کی بھر پور حمایت کر رہا ہے۔
تازہ ترین اقدام کے تحت پولینڈ نے مگ انتیس قسم کے لڑاکا طیاروں کی یوکرین کو فراہمی کے لیے جرمنی کی رضامندی حاصل کرلی ہے۔
رواں سال اکیس مارچ کو پولینڈ میں امریکہ کی پہلی مستقل چھاونی کا افتتاح بھی کیا گیا ہے جس کا مقصد اس ملک میں تعینات امریکی فوجیوں کو بنیادی لاجسٹک سہولتیں اور معاونت فراہم کرنا ہے۔