Apr ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • باخمون شہر میں روسی فوجیوں کی نئی پیش قدمی

روسی فوج کے واگنر گروپ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان کے گروپ کے فوجیوں نے دونتسک کے علاقے میں واقع شہر باخموت میں ایک سو پچاس میٹر پیش قدمی کی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا:ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج کے واگنر گروپ کے سربراہ یوگنی پریگوژین نے اس بارے میں مزید بتایا کہ اس شہر کا صرف تین کلومیٹر کا علاقہ ان کے کنٹرول سے باہر رہ گیا ہے۔

واگنر گروپ نے اسی طرح ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے یوکرینی فوجیوں کے ایک ایسے گروپ کو ختم کر دیا ہے جو کیمیاوی مواد کو اگلے مورچوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی فوج کے اس گروپ  کے افراد کیمیاوی حملے سے محفوظ رہنے کے لباس اور ماسک پہنے ہوئے تھے۔ 

اس سے قبل روسی فوج کے واگنر گروپ کے سربراہ نے باخموت شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس شہر کی دفتری اور انتظامی عمارت پر روسی پرچم لہرا دیا گیا ہے لیکن یوکرین نے اس کی تردید کی تھی۔

یوگنی پریگوژین نے یوکرینی فوج کا تردیدی بیان سامنے آنے کے بعد کہا تھا کہ باخموت شہر پر قانونی لحاظ سے کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور دشمن صرف مغربی علاقے تک محدود ہو گیا ہے۔

دوسری جانب روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمیتری مدودف نے کہا ہے کہ ماسکو اور کی یف کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کے لیے یوکرین کی مسلح افواج کی سنگین شکست اور یوکرین کی کلیدی شخصیات کے خلاف جوابی اقدامات ضروری ہیں۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق دیمیتری مدودف نے اپنے ٹیلی گرام پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ مذکورہ اقدامات یوکرینی حکام کی زیادہ ہتھیار حاصل کرنے کی درخواستوں، کریمہ واپس لینے کے ان کے وعدوں اور ان دھمکیوں کا کہ یہ جنگ ممکن ہے کئی دہائیوں تک جاری رہے، واحد ممکن جواب ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گے اور یہ جنگ کہ جس کو جاری رکھنے کی ہمارے ملک کو ضرورت نہیں ہے، طویل عرصے تک جاری رہے گی۔ مدودف نے گذشتہ منگل کے روز ماسکو میں ایک نشست کے دوران تیس سال کے امن کے دور کے بعد یوکرین جنگ شروع ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ جنگ روس پر مسلط کی گئی ہے۔

باخموت کی لڑائی کئی مہنیوں سے جاری ہے اور اس پر قبضہ گذشتہ آٹھ مہینوں کے دوران روس کی اہم ترین کامیابی ہو گی۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے مشرقی یوکرین میں دونباس کے علاقے میں مزید علاقوں کو حاصل کرنے کا راستہ کھل جائے گا۔

ٹیگس