وسطی ایشیا میں مغرب کے روس مخالف اقدامات کے بارے میں ماسکو کا انتباہ
روس کے نائب وزیر خارجہ نے وسطی ایشیا کے علاقے میں مغرب کے روس مخالف اقدامات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ میخائیل گالوژین نے منگل کے روز ایک اجلاس میں کہا کہ امریکہ اور نیٹو وسطی ایشیا کے علاقے میں اپنے قدم جمانے اور اس علاقے سے روس کی جنوبی سرحدوں کے لیے خطرہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو وسطی ایشیا کے ممالک کو اپنے پروگراموں اور مشقوں میں شریک کرنے کی کوشش میں ہے اور وہ علاقے میں مشترکہ فوجی مشقوں کو دوبارہ شروع کرنے اور اپنی فوجی تنصیبات قائم کرنے کے بارے میں بات کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
روس کے نائب وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ یہ کوششیں روس کو کنٹرول کرنے، وسطی ایشیا کے علاقے کو روس سے جدا کرنے اور ہماری جنوبی سرحدوں کو خطرات سے دوچار کے لیے کی جا رہی ہیں۔
یورپی اور مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ نے رشین فیڈریشن پر پابندیوں میں اضافہ اور یوکرین کو مختلف قسم کے ہلکے اور بھاری ہتھیار فراہم کر کے نہ صرف جنگ یوکرین کو ختم کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے بلکہ انھوں نے پہلے سے زیادہ جنگ یوکرین کو ہوا دی ہے۔
درایں اثنا ایسوی ایٹڈ پریس نے یوکرین کے صدرکے بعض یورپی ملکوں کے دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ولادیمیر زیلنسکی اپنے یورپ کے دورے میں بدستور مغرب کی زیادہ مدد اور حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی رہنماؤں نے یوکرین کے صدر سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اسے میزائل، ٹینک اور ڈرون طیارے فراہم کریں گے۔
اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے زیلنسکی سے ملاقات میں کہا ہے کہ یوکرین کو جنگ میں کامیابی کے لیے جس چیز کی بھی ضرورت ہے ہم اسے فراہم کریں گے۔
فراس کے صدر امانوئل میکرون نے بھی یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ دسیوں ہلکے ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور فضائی دفاعی نظام یوکرین کو فراہم کریں گے۔
جرمنی کے دورے کے دوران بھی تقریبا تین ارب ڈالر مالیت کے ٹینک، فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیار یوکرین کو فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کا اعلان جرمن چانسلر اولاف شولٹس نے یوکرین کے صدر سے ملاقات میں کیا۔
اس کے علاوہ برطانیہ نے بھی پیر کے روز مزید سینکڑوں اینٹی میزائل اور ڈرون طیارے زیلنسکی کو دینے کا وعدہ کیا ہے۔