May ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • گروپ سیون کے ارکان سے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے میں شامل ہونے کی درخواست

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور جاپان ریڈ کراس کمیٹی نے دنیا کے سات بڑے صنعتی ملکوں کے گروپ سیون کے ارکان سے درخواست کی ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے پر دستخط کر دیں۔

سحرنیوز/دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور جاپان ریڈ کراس کمیٹی نے ایک مشترکہ بیان میں گروپ سیون کے رکن ملکوں کے سربراہوں سے درخواست کی ہے کہ وہ دو ہزار سترہ میں منظور ہونے والے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے پر دستخط کر دیں۔
اس مشترکہ بیان میں آیا ہے کہ انسانیت کی بقا کے لیے ہمیں دنیا کو ایسے ہتھیاروں سے پاک کرنا چاہیے کہ جو المناک انسانی سانحات اور ناقابل تلافی نقصانات کا باعث بنتے ہیں۔
دنیا کے تقریبا اڑسٹھ ممالک نے اس معاہدے کی منظوری دی ہے اور دیگر ستائیس ممالک نے اس پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے باوجود گروپ سیون کے کسی بھی رکن ملک اور ہالینڈ کے علاوہ نیٹو کے کسی بھی رکن ملک نے اس پر دستخط نہیں کیے ہیں۔
گروپ سیون کا سربراہی اجلاس انیس مئی سے جاپان کے شہر ہیروشیما میں شروع ہوا ہے جو اکیس مئی تک جاری رہے گا۔ جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا گروپ سیون کے رکن ہیں۔
گروپ سیون کے رکن ملکوں کے سربراہوں نے جمعہ کے روز ہیروشیما پر امریکہ کے ایٹم بم کے حملے میں مرنے والوں کی یادگار پر حاضری دی اور اس حملے میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
امریکہ نے چھے اور نو اگست انیس سو پینتالیس کو جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرائے تھے جن میں دو لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ یہ انسانیت کے خلاف سب سے بڑا جرم قرار دیا جاتا ہے کہ جسے امریکہ نے انجام دیا تھا اور ان حملوں کے تباہ کن اثرات اب بھی جاپانی عوام پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ٹیگس