ایف 16 جنگی طیاروں کے لئے یوکرینی پائلٹوں کی ٹریننگ روس کے لئے ایک انتباہ ہے: جرمن چانسلر
جرمنی کے چانسلر اولاف شولتس نے کہا ہے کہ ایف 16 طیاروں پر یوکرین کے پائلٹوں کی ٹریننگ روس کےلئےایک انتباہ ہے اور اسے یوکرین پر اپنے حملوں میں لمبے عرصے کی آزادی نہیں مل پائے گی۔
سحرنیوز/دنیا: روئیٹرز کی رپورٹ کے مطابق یوکرین نے ابھی تک ایف 16 طیارے حاصل نہیں کئے لیکن امریکی صدر جوبائیڈن اور دوسرے عالمی رہنماؤں نے جی 7 ممالک کے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ وہ ایف 16طیاروں پر یوکرین کے پائلٹوں کی تریبت کی حمایت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جی 7 ممالک کےلئے یوکرین کو کسی ترقی یافتہ جنگی طیارے کا حصول بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق جی 7 ممالک کے اجلاس میں جرمنی کے چانسلر اولاف شولتس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے پائلٹوں کی ان جنگی طیاروں کے لئے ٹریننگ ایک لمبے عرصے کا پروجیکٹ ہے، امریکہ نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا کہ آخر میں کیا ہوگا لیکن یہ پروجیکٹ روس کے لئے ایک انتباہ ہے کہ اگر یہ جنگ طویل بھی ہو جائے تو بھی روس یہ جنگ جیت نہیں پائے گا۔
برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہالینڈ، بلجیئم اور ڈنمارک کے ساتھ مل کر یوکرین کو مطلوب فضائیہ کی تشکیل میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ایف 16 طیاروں کو اڑانے کے لئے 18 مہینے کی تربیت لازمی ہے جب کہ فرانس نے نیٹو ممالک کے زیر استعمال رافائل اور میراژ جنگی طیاروں کو اڑانے کے لئے چار سے 9 ماہ تک کا ہدف رکھا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک کی طرف سے یوکرین کو بھرپور جنگی امداد کی فراہمی جاری ہے جب کہ روس کی طرف سے حملوں میں شدت آتی جا رہی ہے اور جنگ کا دائرہ دوسرے ممالک تک پھیلنے کے خطرات بڑھتے جا رہےہیں۔