سابق امریکی صدر ٹرمپ کے انتہا پسند قریبی ساتھی کو 18 سال کی سزا
امریکا میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ اوتھ کیپرز (Oath Keepers) کے بانی اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی اور ساتھی سٹیورٹ رہوڈز کو کیپیٹل ہل پر حملے کے مقدمے میں 18 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
سحر نیوز/دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سٹیورٹ رہوڈز کو بغاوت کی سازش اور دیگر جرائم کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
یہ 6 جنوری کے ہنگاموں میں شریک کسی بھی ملزم کو سنائی جانے والی اب تک کی سب سے طویل سزا ہے اور رہوڈز پر عائد بغاوت کی سازش کی دفعہ امریکا میں بہت کم استعمال ہوئی ہے۔
رہوڈز نے سزا سنائے جانے سے پہلے عدالت کو بتایا کہ ان کے ساتھ سیاسی قیدی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اس نے اوتھ کیپرز کے ارکان کو کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے کی ہدایت دینے کے الزام سے انکار کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ اس کا واحد مقصد امریکا کو ان لوگوں سے بچانا ہے جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔
اس نے عدالت کو بتایا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ملک ناقابل یقین حد تک تقسیم ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ 6 جنوری 2021 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے، ہنگامہ آرائی کے دوران 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔