May ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۳ Asia/Tehran
  • امریکہ، جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ایران کو مطلوب اپنے عہدے دار کو لازمی سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام

ایران کی سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث سابق امریکی حکومت کے ایک عہدے دار برایان ہوک کو امریکہ کی سکیورٹی ایجنسیز لازمی سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

سحر نیوز/دنیا: امریکی ویب سائٹ واشنگٹن اگزامنر نے جمعے کے روز شائع ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ برایان ہوک کہ جنہیں امریکی وزارت خارجہ کے ڈپلومیٹک سکیورٹی یونٹ کی جانب سے فُل ٹائم سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، انکی دو نجی کاروں کو انکے مکان کے سامنے والی پارکنگ سے چوری کر لیا گیا اور پھر بعد میں ان میں سے ایک کار کو فائرنگ کی ایک واردات میں استعمال بھی کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے امور میں امریکی وزارت خارجہ کے سابق نمائندے برایان ہوک شمالی ورجینیا میں رہائش پذیر ہیں اور گیارہ دسمبر سنہ 2022 کو انکی دو کاریں انکے مکان کے سامنے ایک پارکنگ سے چوری کر لی گئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چوری کے وقت برایان ہوک اپنے گھر میں موجود تھے۔ ساتھ ہی یہ کہ اُن دو گاڑیوں میں سے ایک کو رواں برس تین جنوری کو واشنگٹن ڈی سی کے شمالی علاقے برایگووڈ میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں بھی استعمال کیا گیا جس میں ایک آٹھ سالہ بچے سمیت تین افراد زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے اور اس کار کی چوری میں کسی رابطے کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ واشنگٹن ایگزامنر نے اس واقعے کو سکیورٹی ایجنسیز کی بڑی شکست قرار دیا ہے۔

اس واقعے پر براہان ہوک کا ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم امریکہ کی سفارتی پولیس نے انکے سکیورٹی انتظامات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اپریل کے مہینے میں بھی امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان کے مکان میں ایک نامعلوم شخص داخل ہو گیا تھا جس سے امریکہ کی خفیہ ایجنسی اُس وقت آگاہ ہوئی جب خود سالیوان نے گھر سے نکل کر اُسے اس واقعے کی اطلاع دی۔

ٹیگس