Jun ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • تائیوان کا موضوع امریکہ کے ساتھ تعلقات کے لئے سب سے بڑا خطرہ: چینی وزیر خارجہ

چین نے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نچلی ترین سطح پر قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/دنیا: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن گزشتہ روز اپنے دو روزہ دورے پر چین پہنچے جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب چن گانگ سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔

امریکی وزارت خارجہ نے اس ملاقات کے بعد ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بلنکن کی چینی وزیر خارجہ سے واضح، ٹھوس اور معیاری بات چیت ہوئی ہے۔ بیان کے مطابق بلنکن نے مواصلات کے چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا۔

اس گفتگو میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بین الاقوامی مسائل میں ممکنہ تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے رابطوں کے تسلسل کیلئے اپنے چینی ہم منصب کو واشنگٹن آنے کی دعوت بھی دی۔

دوسری جانب چین کے وزیر خارجہ چِن گانگ نے اپنے امریکی ہم منصب سے ہوئی ملاقات میں خبردار کیا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے تعلقات اپنی نچلی ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صورتحال دونوں ممالک کے مفادات سے میل نہیں کھاتی۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکی وزیر سے کہا کہ تائیوان کا موضوع دونوں ملکوں کے تعلقات میں بنیادی موضوع ہے اور یہ انکے رابطے کے لئے سب سے بڑا خطرہ شمار ہوتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق چن گانگ نے اپنے امریکی ہم منصب سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ متحدہ چین کا احترام کرتے ہوئے تائیوان کی خودمختاری کا دفاع کرنے سے باز آجائیں۔

واضح رہے کہ سال دوہزار اٹھارہ کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورۂ چین ہے۔

ٹیگس