روس کے خلاف مغربی دشمنوں کی سازش ناکام ہو گئی : روسی صدر
روس کے صدر نے مغربی دشمنوں پر ویگنر گروپ کو بغاوت پر اکسانے کا الزام عائد کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے قوم سے خطاب کرتے ہوئےبغاوت سے دستبردار ہونے اور خانہ جنگی نہ کرنے پر ویگنر ملیشیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ملیشیا گروپ کو اندھیرے میں رکھ کر اپنے ہی مسلح بھائیوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
ولادیمیر پوتین نے کہا کہ انہوں نے اس سازش کو سمجھتے ہوئے، شروع میں ہی براہ راست احکامات دے دیئے تھے کہ خونریزی سے اجتناب کیا جائے۔
روس کے صدر نے ایک بار پھر ویگنر ملیشیا کے اراکین سے اپیل کی کہ ملک کی وزارت دفاع یا کسی اور ادارے میں شامل ہو جائیں یا ملازمت چھوڑ دیں۔ انہوں نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ جو بیلا روس جانا چاہتا ہے اسے ملک چھوڑنے کی اجازت ہو گی ۔
دوسری جانب اطللاعات ہیں کہ روسی پرائیویٹ آرمی کے سربراہ یوگینی پریگوزین کے زیراستعمال جیٹ طیارہ منگل کو روس سے بیلاروس پہنچا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں تین روز قبل روسی فوج کے خلاف ناکام بغاوت کی قیادت کرنے والے یوگینی پریگوزین جلاوطنی اختیار کرنے پہنچے ہیں۔