Jul ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کا امریکہ کو سخت انتباہ: جاسوس طیاروں کو مار گرائیں گے

شمالی کوریا نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو امریکہ کے جاسوس طیاروں کو مار گرائیں گے۔

سحر نیوز/ دنیا: ایسنا کی رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا کی وزارت دفاع نے امریکہ پر جاسوس اور نگرانی کرنے والے طیارے اڑانے کے ذریعے پیانگ یانگ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ان طیاروں کو مار گرائے گا۔

شمالی کوریا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن کے اشتعال انگیز فوجی اقدامات جزیرہ نما کوریا کو جوہری جنگ کے قریب لے جا رہے ہیں۔

اس رپورٹ میں امریکی جاسوس اور نگرانی کرنے والے طیاروں اور ڈرونز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے قریب جوہری آبدوز بھیج کر کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس بیان میں امریکی جوہری ہتھیاروں سے لیس آبدوز کا ذکر کیا گیا ہے جو گزشتہ ماہ جنوبی کوریا کی بندرگاہ بوسان میں داخل ہوئی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ نما کوریا میں حالات کی خرابی کا انحصار امریکہ کے اگلے اقدامات پر ہے اور اگر کوئی ناگہانی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری امریکی حکومت پرعائد ہوگی۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی شمالی کوریا کے ساتھ جزیرہ نما کوریا پر کشیدگی بڑھ رہی ہے اسی لئے پیانگ یانگ نے گزشتہ 18 مہینوں میں 90 سے زیادہ بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔

ٹیگس