Jul ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپی ملکوں کی مخالفت کے باوجود قرآن پاک کو جلانے کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مذہبی منافرت اور تعصب کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی جس پر آج سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔

سحر نیوز/ دنیا: عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو امریکہ اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

امریکہ اور یورپی یونین نے قرارداد کو انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار رائے سے متعلق ان کے موقف سے متصادم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور فن لینڈ سمیت دیگر 6 ممالک نے بھی امریکہ اور یورپی یونین کی مؤقف کی تائید میں قرارداد کی مخالفت کی۔

تاہم اسلامی ممالک کے علاوہ ہندوستان، چین، ارجنٹائن، بولیویا، کیمرون، کیوبا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ؛ جنوبی افریقا، یوکرین اور ویتنام نے حمایت کی۔ جس کی بنیاد پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں چلی جارجیا، ہونڈوراس، میکسیکو، نیپال اور پیراگوئے نے رائے دہی میں حصہ لینے سے اجتناب کیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مذہنی منافرت اور تعصب پر مبنی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانونی رکاوٹیں پیدا کی جائیں اور سخت اقدامات اُٹھائے جائیں۔

واضح رہے کہ سویڈن میں عید الاضحی کے دن قرآن پاک کا نسخہ نذرآتش کیا گیا تھا۔

ٹیگس