Jul ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • سوڈان تباہی کے دھانے پر: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ اگر سوڈان میں جھڑپیں ختم نہ ہوئیں تو یہ ملک تباہ ہو جائیگا۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے سوڈان کے بحران اور اس بحران کے نتیجے میں آوارہ وطن افراد کی تعداد میں تیز رفتاری کے ساتھ اضافے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ فرحان حق نے سوڈان کی جنگ کے فوری خاتمے اور امدادی کارروائی کیلئے ماحول سازگار بنانے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے یو این سیکریٹری جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان وسیع خانہ جنگی کے دہانے پر کھڑا ہے۔

فرحان حق نے کہا کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو سوڈان ایسی تیز رفتاری کے ساتھ تباہی اوربربادی کی طرف جائے گا کہ جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہا کہ جب تک مستحکم اور مستقل جنگ بندی نہیں ہوتی تب تک کوششوں کا سلسلہ ختم نہیں ہونا چاہئیے۔

فرحان حق نے دارفوراورخرطوم میں صورتحال کوانتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھڑپیں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور عوام کو ان کے اپنے شہر اور اپنے گھروں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سیکڑوں عام سوڈانی شہری مارے جا چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں اور صورتحال بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے۔

ٹیگس