امریکہ اور مغربی ممالک کی ایران کے خلاف پروپگنڈا کرنے کی وجہ سامنے آگئی
اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب لنڈا تھامس گرینفیلڈ نے ایک بار پھر جنگ یوکرین میں ایرانی ڈرون طیارے استعمال کئے جانے کے امریکی دعوے کا اعادہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب لنڈا تھامس گرینفیلڈ نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنگ یوکرین میں ایرانی ڈرون طیاروں کے استعمال اور ایرانی ڈرون طیارے لاطینی امریکہ منتقل کئے جانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں واشنگٹن کے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرون طیارے کہیں بھی استعمال ہونے کی مذمت ہونی چاہیے کیونکہ اس سے قرارداد 2231 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
البتہ ایران کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک اپنی غلط توجیہ کی بنا پر قرارداداد 2231 اور جنگ یوکرین میں ڈرون طیاروں کے استعمال کے بارے میں خود ساختہ تعلق پیدا کرنے کی گمراہ کوشش کر رہے ہیں۔اس لئے کہ قرارداد 2231 میں نہ تو ہتھیاروں کی سپلائی پر کوئی پابندی عائد ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کو اس سلسلے میں تحقیقات کےلئے کوئی دستورالعمل سونپا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی سرکردگی میں مغرب کافی عرصے سے جب سے جنگ یوکرین نے شدت اختیار کی ہے ایران کے خلاف اس جنگ میں ایرانی ڈرون طیاروں کے استعمال کا ایسا دعوی کرتا آیا ہے کہ جس کی ایران نے ہمیشہ سختی سے مذمت اور تردید کی ہے۔