Sep ۰۱, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • فرانس، اسکولوں میں مسلم لڑکیوں کے عبایہ پہننے پر پابندی

فرانس کے وزیر تعلیم نے اسلام دشمنی پر مبنی اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ یکم ستمبر سے فرانس کے اسکولوں میں مسلم لڑکیوں کے عبایہ پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: فرانس کے وزیر تعلیم گیبریل آتال نے اعلان کیا ہے کہ یکم ستمبر سے مسلم لڑکیوں کو عبایہ اور اسلامی پردے کے ساتھ اسکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس سے قبل فرانس کے وزیر تعلیم نے گزشتہ اتوار کے روز کہا تھا کہ فرانس کے سرکاری اسکولوں میں مسلمان لڑکیوں کے لئے اسلامی عبایہ پہننے پر پابندی ہے۔

فرانس کے وزیر تعلیم نے دعوی کیا کہ مسلمان لڑکیوں کا عبایہ پہننا فرانس کے سیکولر قوانین کی خلاف ورزی ہے اور نئے تعلیمی سال کے آغاز سے مسلمان لڑکیوں کے لیے اسکول میں عبایہ پہننا ممکن نہیں ہو گا۔ اس سے قبل دو ہزار انیس میں بھی فرانس کی سینیٹ نے ایک بل کی منظوری دی تھی کہ جس میں باپردہ ماؤں کو اسکولوں سے باہر بعض پروگراموں میں اسکولی بچوں کے ساتھ جانے سے روک دیا تھا۔فرانس کا شمار ان یورپی ممالک میں ہوتا ہے کہ جہاں مسلمانں سب سے بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ فرانسیسی حکومت کے اس فیصلے پر فرانس کے مسلمانوں اور مسلم تنظیموں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام فرانس میں آزادی کے اصولوں کے منافی ہے اور ہم حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خود کو آزادی اور انسانی حقوق کا علمبردار کہنے والے فرانس جیسے ملک میں اس طرح کے اقدامات مغرب کی اسلام دشمنی اور مختلف مذاہب کے سلسلے میں اس کے دوہرے معیار کا ثبوت ہیں۔

 

ٹیگس