ڈینیئل طوفان، اسرائیل کی جانب رخ کر سکتا ہے
صیہونی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ ڈینیئل طوفان، لیبیا اور مصر کے بعد اسرائیل پہنچ سکتا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے چینل-12 نے اپنی ایک رپورٹ میں طوفان ڈینیئل کے مقبوضہ علاقوں تک پہنچنے کے خطرے کی بابت خبردار کرتے ہوئے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور گرد و غبار کی لہروں سے خبردار کیا ہے۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق صیہونی میڈیا بشمول صیہونی حکومت کے چینل-12 نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ ڈینیئل طوفان، لیبیا کے بعد بدھ 13 ستمبر کو مقبوضہ علاقوں تک پہنچ سکتا ہے۔
رشا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق چینل 12 نے رپورٹ دی ہے کہ یہ طوفان مقبوضہ علاقوں تک پہنچ سکتا ہے جبکہ شدید بارشوں کا امکان ہے اور اسرائیل کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔
اس سلسلے میں صیہونی حکومت کے محکمہ موسمیات نے بعض بلندیوں اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز منگل کو گرد و غبار کی لہروں نے اس علاقے کو متاثر کیا تھا جس کی وجہ سے ایک غیر مستحکم ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق آنے والے گھنٹوں میں دھول کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔
لیبیا، جو کئی دنوں سے تباہ کن ڈینیئل طوفان کی زد میں ہے، خاص طور پر درنا شہر کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ لیبیا میں طوفان کی وجہ سے ہزاروں ہلاکتیں اور شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے تباہ ہوگئے ہیں۔