Oct ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • امریکہ میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے مظاہرے

امریکہ کے شہروں نیویارک اور واشنگٹن میں سیکڑوں امریکی شہریوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے مظاہرے کئے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکی شہری، فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کی سڑکوں پر نکل آئے۔ اس کے علاوہ نیویارک کے ٹائمز اسکوائرمیں بھی سیکڑوں امریکیوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے مظاہرہ کیا۔ مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مظاہرین ٹائمزاسکوائر میں جمع ہوئے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی استقامت کے حق کی حمایت پر مبنی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جن پر لکھا تھا کہ غاصبانہ قبضے کے خلاف استقامت ایک انسانی حق ہے اور امریکہ کی جانب سے نسل پرست اسرائيل کو دی جانے والی ہر طرح کی امداد بند کی جائے۔

مظاہرین نے اس موقع پر فلسطینی پرچم بھی لہرایا۔ انہوں نے غزہ اور مشرقی بیت المقدس پر اسرائيل کے حملوں کے روکےجانے کا بھی مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے فلسطین کی آزادی، صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید تمام فلسطینیوں کی رہائی اور امریکہ کی جانب سے اسرائيل کی حمایت کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے بھی امریکی شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کرنے والوں نے غزہ کے نہتے باشندوں کی حمایت اور صیہونی ظالموں کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے غزہ پٹی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بچوں اور خواتین کے قتل عام پرتوجہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔

امریکی کانگریس کے متعدد ڈیموکریٹ اراکین منجملہ ریاست نیویارک سے الیگزینڈر اوکاسیو اور جمال بومان، ریاست میشیگن سے رشیدہ طلیب ، ریاست میسوری سے کیوری بش اور ریاست مینی سوٹا سے ایلہان عمر اور ریاست ٹیکساس کے گرگ کاسار نے فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

دریں اثناء امریکی کانگریس کی ڈیموکریٹ رکن ایلہان عمر نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے ۔ انھوں نےاپنے ایکس پیج پر لکھا ہےکہ فلسطینی ایسےانسان ہیں جن کا محاصرہ کیا گيا ہے اور انہیں عالمی حمایت کی ضرورت ہے۔ ایلہان عمر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ غزہ کے باشندوں کے پاس کوئی پناہ گاہ اور آئرن ڈوم نہیں ہے۔ ان کےلئے دعا کیجئے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ خطے میں امن قائم ہوگا جو اخلاقی بیداری کی جانب ہماری رہنمائی کرے گا تاکہ ہم ان تکالیف کو اہمیت دیں جن میں انسان مبتلا ہیں۔

ٹیگس