Oct ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • غزہ کی جنگ عام شہریوں کے خلاف بے رحمی سے لڑی جانے والی جنگ ہے: روس

دیمیتری مدودف نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں ایک اور جنگ ہو رہی ہے ۔ یہ ایسی جنگ ہے جس میں کسی قانون کی پابندی نہیں کی جا رہی ہے اور یہ عام شہریوں کے خلاف بے رحمی سے لڑی جانے والی جنگ ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دیمیتری مدودف نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اور فلسطین کی لڑائی علاقائی یا حتی عالمی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

دیمیتری مدودف نے کہا کہ غزہ پٹی میں ہسپتال پر کیا جانے والا میزائل حملہ کہ جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے، ایک وحشتناک ٹریجڈی تھی۔ بہت سے افراد شدید زخمی ہوئےہیں اور ممکن ہے کہ وہ عمر بھرکے لئے اپاہج ہو جائيں۔

اس روسی عہدیدار نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ ایک وحشیانہ اقدام ہے اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے کہا کہ لگتا ہے یہ اس خطے میں رونما ہونے والا آخری واقعہ نہیں ہوگا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے حملے کے بارے میں کہا کہ اس ہسپتال پر حملہ ایک ٹریجڈی اور انسانی المیہ ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ، لڑائی کی فوری روک تھام پر مبنی پیغام کا حامل ہوگا۔

ٹیگس