Oct ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو کو فلسطینیوں کی منظم نسل کشی سے روکا جائے: اسپینی وزیر

اسپین کی ایک خاتون وزیر نے تاکید کی ہے کہ نیتن یاہو کو فلسطینیوں کی منظم نسل کشی سے روکا جائے۔

سحر نیوز/ دنیا: اسپین کی وزیر مواسات آئرن مونٹیرو (Irene Montero) نے اپنے سوشل میڈیا ایکس (سابق ٹوئٹر) پیج پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو روکا جائے ۔

اسپین کی وزیر مواسات آئرن مونٹیرو نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم نسل کشی سے اسرائیل کو روک کر انسانیت ، جمہوریت اور انسانی حقوق کی حفاظت کی جائے ۔

اسپین کی وزیر مواسات نے کہا کہ جب ہمارے سامنے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہو، اور بات جنگی جرائم کی ہو تو اتحادی حکومت میں رقابت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ وہ کام ہے جو ہم کرسکتے ہیں اور ہمیں پوری قوت کے ساتھ عمل کرنا چاہئے۔

اسپین کی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق کا دفاع ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نسل کشی کے سبھی ذمہ داروں کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگانا ضروری ہے۔

اسپین کی سماجی حقوق کے وزیر آئیون بلارا (Ione Belarra) نے بھی اپنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شجاعت سے کام لیتے ہوئے، صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی روابط ختم کردے۔

یاد رہے کہ اسپین کی سومار(Sumar) اور پودموس (Podemos) پارٹیوں کے لیڈران نے میڈرڈ ميں اسرائیل مخالف مظاہروں میں شرکت کرکے اپنے ملک کے وزیراعظم پیدرو سانچیز سے مطالبہ کیا کہ انسانی المیہ روکنے کے لئے اسرائیلی حکومت کے خلاف سخت اقدام کیا جائے۔

 

ٹیگس