لندن: میٹرو کے اسپیکر سے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگ گیا
برطانیہ میں فلسطینیوں کے حقوق کی حامی تنظیموں نے فلسطین کے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا۔
سحر نیوز/دنیا: لندن کی میٹرو کے حکام نے کہا ہے کہ جس ڈرائیور نے میٹرو کے اسپیکر سے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا اسے ڈیوٹی سے روک دیا گيا ہے۔
واضح رہے کہ لندن میٹرو کے ایک ڈرائیور نے میٹرو کے اسپیکر سے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا جس سے لوگ خوش ہوگئے تھے جبکہ صیہونیوں میں غم و غصہ پھیل گيا تھا اور انہوں نے اس ڈرائیور کو نوکری سے فوری طور پر نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دریں اثناء برطانیہ میں فلسطینیوں کے حقوق کی حامی تنظیموں نے فلسطین کے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ لندن کی مرکزی سڑکوں پر نکل کر وزیراعظم ہاؤس تک مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے فلسطین کی آزادی اور غزہ پٹی میں فوری طور پرجنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ مظاہرین نے محاصرے والے علاقے میں صیہونی حکومت کے مظالم کی بھی مذمت کی۔