Oct ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • پیرس کے ایک میٹرو اسٹیشن پر ہنگامہ، اچانک عورت چلائی 'خود کو اڑا لوں گی'، پولیس نے سرعام ماری گولی

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک میٹرو اسٹیشن پر آج اس وقت ہنگامہ ہوگیا جب ایک عورت نے اچانک چلانا شروع کردیا کہ میں خود کو بم سے اڑا لوں گی۔

سحر نیوز/ دنیا: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آج منگل کو ایک میٹرو اسٹیشن پر خود کو بم سے اڑانے کی ایک عورت کی دھمکی سے زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا اور لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پیرس کے ایک میٹرو اسٹیشنببلیو تھیک فرانکوئس میٹرینڈ اسٹیشن (Bibliotheque Francois Mitterrand station) پر منگل کی صبح اچانک ایک عورت نے چلانا شروع کیا کہ "میں خود کو بم سے اڑا لوں گی"۔ اس کے بعد پولیس فورا حرکت میں آ گئی اور اس نے سرعام عورت کو گولی مار دی۔

اطلاعات کے مطابق پولیس نے بتایا عورت بدامنی پھیلانے والی حرکتیں کر رہی تھی اور خود کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دے رہی تھی لہذا سیکورٹی کے مد نظر یہ سخت قدام اٹھانا پڑا۔ وہیں چشم دید گواہوں نے بتایا کہ پولیس نے جس عورت کو گولی ماری ہے وہ نہتی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ عورت کے پیٹ میں گولی لگی ہے اور اس کو علاج کے لئے ہسپتال میں داخل کرادیا گيا ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ عورت کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ آج صبح ساڑھے آٹھ بجے رونما ہوا۔

 

ٹیگس