Nov ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • غزہ فلسطینی بچوں کا قبرستان، ہر 10 منٹ میں 3 فلسطینی بچے شہید و زخمی

اقوام متحدہ سے وابستہ ایک ادارے نے اپنی دل دہلا دینے والی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ متوسط طور پر ہر دس منٹ میں ایک فلسطینی بچہ شہید اور دو دیگر زخمی ہو رہے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر اعلان کیا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں میں ہر دس منٹ میں ایک فلسطینی بچہ شہید او دو دیگر زخمی ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور امداد رسانی کی تنظیم آنروا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر اسرائيل کے حملوں میں مرنے والوں میں سڑسٹھ فیصد بچے ہوتے ہیں ۔ غزہ کے خلاف نئی جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائيل کے حملوں میں اقوام متحدہ کے مختلف محکموں کے ستّر کارکن بھی مارے جا چکے ہیں ۔

اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی امداد رسانی کی تنظیم آنروا، اس وقت غزہ میں سب سے زیادہ سرگرم عمل تنظیم ہے اور اس تنظیم نے غزہ کے اسکولوں میں تقریبا چھے لاکھ ستّر ہزار ایسے افراد کو پناہ دی ہے جو غاصب صیہونی حکومت کے مسلسل جاری حملوں میں بے گھر ہوئے ہیں ۔

غاصب صیہونی حکومت، غزہ میں فلسطین کی تحریک استقامت کا مقابلہ کرنے کا بہانہ بنا کر ممنوعہ ہتھیاروں منجملہ محاذوں کو تباہ کرنے والے ایک ٹن وزنی بموں نیز فاسفورس بموں کا بھرپور استعمال کر رہی ہے۔

ٹیگس