برطانیہ: غزہ کے طبی مراکز پر جارح صیہونی فوج کی بمباری کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ
برطانیہ کے طبی عملے کے سیکڑوں افراد نے جمعرات کی رات کو غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ کے طبی مراکز پر جارح صیہونی فوج کی بمباری کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا
سحر نیوز/ دنیا: احتجاجی مظاہرے میں موجود لوگوں نے ایک سو اسی سے زائد فلسطینی ڈاکٹروں اور نرسوں کے قتل، طبی مراکز پر حملے، شہریوں پر اندھا دھند بمباری اور غزہ میں ضروری انسانی اشیاء کے داخلے کو روکنے کی شدید مذمت کی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے صیہونی حکومت کے لئے لندن حکومت کی مکمل حمایت ختم کرنے اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسی طرح برٹش اسکول آف اکنامکس کے سیکڑوں طلباء نے بھی جمعرات کو غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے خلاف احتجاج کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے کلاسوں میں حاضر نہیں ہوئے- احتجاجی طلباء نے یونیورسٹی کے صحن میں جمع ہوکر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے۔