Nov ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • پانچ روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا؛ امریکی میڈیا کی رپورٹ

امریکی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل، امریکہ اور حماس کے درمیان ایک ایسا تجرباتی معاہدہ ہوا ہے جس کی بنیاد پر پنج روزہ جنگ بندی کے عوض غزہ میں موجود درجنوں صیہونی جنگی قیدیوں کو رہا کردیا جائے گا۔

سحرنیوز/دنیا: واشنگٹن پوسٹ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ معاہدہ چھ صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی بنیاد پر تمام متحارب گروپ کم سے کم پانچ دن کے لئے جنگ روک دیں گے نیز شروع میں ہر چوبیس گھنٹے کے دوران پچاس یا اس سے زیادہ صیہونی جنگی قیدیوں کو چھوٹے چھوٹے گروپوں کی شکل میں رہا کیا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ غزہ میں موجود دو سو انتالیس صیہونی قیدیوں میں سے کتنے قیدی رہا کئے جائیں گے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ غزہ کےلئے مزید انسان دوستانہ امداد کی اجازت دی جائے گی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دن کے اندر صیہونی جنگی قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ دریں اثنا رائٹرز نے بھی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کونسل کے ترجمان آدریان واتسون نے ایک بیان میں واشنگٹن پوسٹ کی مذکورہ رپورٹ کے بارے میں کہا ہے کہ ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے البتہ ایک سخت معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس