انتہا پسند امریکی سیاستداں کا حماس کے مقابلے میں اسرائیل کی شکست کا اعتراف
وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کونسل کے سابق مشیر جان بولٹن نے اعتراف کیا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے مقابلے میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: جان بولٹن نے غزہ میں حماس اور تل ابیب کے درمیان جنگ بندی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حماس نے عظیم فتح حاصل کی ہے۔ جان بولٹن نے مزید کہا کہ اس میں شک نہیں کہ اسرائیل عارضی جنگ بندی سے لڑائی کے اگلے مرحلے کے لئے تیاری کرے گا لیکن جنگ بندی کا حقیقی فائدہ حماس کا پہنچا ہے۔ بولٹن نے صراحت کے ساتھ کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی میں فلسطینیوں کے حامیوں کے حملوں کی وجہ سے اسرائيل کی حمایت پر مبنی بائيڈن کا عزم ہر روز کمزور ہوا اور ابتدا میں بائیڈن نے اسرائیل کی جس حمایت کا اعلان کیا تھا اس میں نمایاں کمی آتی گئی۔ واضح رہے کہ امریکی حکام کی حمایت کی وجہ سے غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔