جنوبی کوریا نے کامیابی سے اپنا پہلا مقامی دفاعی سیٹیلائٹ لانچ کردیا
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے اپنا پہلا مقامی دفاعی سیٹیلائٹ کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں بھیج دیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے بیان میں آیا ہے کہ اسپیس ایکس کمپنی کے فالکن نو سیٹلائٹ راکٹ کو ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تین بج کر انیس منٹ پر امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع وینڈنبرگ خلائی اڈے سے لانچ کیا گیا۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کا مقامی فوجی سیٹلائٹ لانچ کئے جانے کے چودہ منٹ بعد اسپیس ایکس کے فالکن نو راکٹ سے الگ ہو کر زمین کے مدار میں داخل ہوگیا اور لانچ کے تقریبا ایک گھنٹے بعد چار بج کر سینتیس منٹ پر اس نے زمینی اسٹیشن سے رابطہ کیا۔
یہ سیٹلائٹ نگرانی کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور پیانگ یانگ کے اہم اسٹریٹجک اہداف کے خلاف فوری ردعمل ظاہر کرنے کے منصوبے کی بنیاد پر سنہ دو ہزار اٹھارہ میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا کی فوج اگلے سال کی پہلے چھ مہینوں کے دوران چار سے چھ ماہ کی آزمائشی مدت کے بعد اس سیٹلائٹ کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سیئول دو ہزار پچیس تک مزید چار فوجی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔