Dec ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • ہم غزہ میں جنگ بندی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے: انتونیو گوترش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل مفلوج ہوکر رہ گئی ہے لیکن وہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے دوحہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرار داد پاس کرنے کی توانائی بھی نہیں رکھتی ۔انھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل گہرے جیو اسٹریٹیجک اختلافات کی وجہ سے مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جو یوکرین سے لے کر مغربی ایشیا تک، راہ حل کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ غزہ کی جنگ میں سلامتی کونسل کے وقار اور اعتبار پر کاری ضرب لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور غیر فوجیوں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ انتونیو گوترش نے اسی کے ساتھ کہا کہ وہ غزہ میں انسانی المیے کی روک تھام اور جنگ بندی کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وہ جنگ بندی، جنگی قیدیوں کی رہائی اور امداد رسانی کے تعلق سے ثالثی کی کوششوں پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

ٹیگس