Dec ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری

فلسطینیوں کی حمایت میں کئے جانے والے اس مظاہروں کے شرکا نے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر ہیریس برگ میں سیکڑوں کی تعداد میں امریکی شہریوں نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف مظاہرہ کر کے فلسطین اور خاصطور سے غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

فلسطینیوں کی حمایت میں کئے جانے والے اس مظاہرے کے شرکا نے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے، علاقے میں امن کی برقراری کی ضرورت پر زور اور غزہ اور غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

ریاست فیلا ڈیلفیا کے فلسطین حامی امریکی شہریوں نے بھی غزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیل کی جارحیت پر امریکی حمایت بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فلسطین حامی ایرلینڈ کے مظاہرین نے بھی واشنگٹن کی جانب سے صیہونی جارحیت کی حمایت کے خلاف احتجاج کے طور پر ڈبلین میں امریکی سفیر کی رہائشگاہ کے سامنے مظاہرہ کیا۔

فلسطین حامی ایرلینڈ کے مظاہرین نے جن میں بعض اپنے ہاتھوں میں ڈھول تاشے بھی لئے ہوئے تھے اور فلسطینی پرچم لہرا رہے تھے ڈبلین میں امریکی سفیر کی رہائشگاہ کے اطراف میں مظاہرہ کیا تاکہ غزہ کے مظلوم و نہتھے عوام کے خلاف جاری صیہونی جارحیت پر امریکی حمایت کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔

مظاہرین نے ڈبلین میں امریکی سفیر کی رہائشگاہ کے قریب واقع ایک اسکوائر پر ٹریفک بھی جام کر دیا۔

غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کے دوران یورپ و امریکہ کے مختلف علاقوں اور مختلف یورپی ملکوں منجملہ اٹلی، برطانیہ، جرمنی، اسپین، اور اب آئرلینڈ میں بہت سے شہروں اور علاقوں میں فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت میں مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین، غزہ میں نہتھے عام شہریوں کے قتل عام اور وحشیانہ صیہونی جرائم سے بارہا اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت اور غزہ میں نہتھے عام شہریوں کے قتل عام اور وحشیانہ صیہونی جرائم پر نفرت و بیزاری کے اظہار کا یہ سلسلہ یورپ و امریکہ میں ایسی حالت میں جاری ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کے، کم سے کم پچیس اسپتال بالکل تباہ ہو چکے ہیں اور وہ بند پڑے ہیں جبکہ گیارہ اسپتال ایسے ہیں جو صیہونی جارحیت کے نتیجے میں پائے جانے والے مسائل و مشکلات کی بنا پر مکمل طور پر کام نہیں کر پا رہے ہیں۔

ٹیگس