Dec ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • جوزف بورل: جنگ غزہ کے سلسلے میں یورپی ممالک میں مشترکہ موقف کا فقدان ہے

یورپی کونسل اپنے دو روزہ اجلاس میں غزہ کے سلسلے میں کسی اتفاق رائے تک نہیں پہنچ سکے۔

سحرنیوز/دنیا: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے یورپی کونسل کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھل کر کہا کہ غزہ کے حالات کے سلسلے میں یورپی ممالک میں مشترکہ موقف کا فقدان ہے۔ جوزف بورل کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی یورپی کونسل کے سربراہ چارلز میشل نے ایک پریس کانفرنس میں یورپی بلاک میں غزہ کے سلسلے میں پائے جانے والے اختلافات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے سلسلے میں دو مملکت کی تشکیل پر مبنی مشترکہ موقف کی جانب اشارہ کیا اور غرب اردن میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی۔ چارلز میشل نے دعوی کیا کہ اس اجلاس کے انعقاد کا مقصد غزہ کے حالات کا جائزہ لینا نہيں تھا اور اس سلسلے میں اس کونسل کے موقف کا اعلان دو روز پہلے کیا جا چکا ہے تاہم یورپی کونسل کے سربراہ نے یہ بھی دعوی کیا کہ حالیہ اجلاس میں تمام فریقوں نے غزہ کے حالات سے باہر نکلنے کے لئے صیہونی حکومت، عرب ممالک اور امریکہ کے ساتھ اشتراک عمل بڑھانے کے طریقہ کار اور سیاسی یکجہتی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ چارلز میشل نے یورپی کونسل کے اجلاس سے قبل یورپی رہنماؤں کے نام خط میں لکھا تھا کہ مشرق وسطی کے حالات میں اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا ہوگا۔ انہوں نے اس خط میں لکھا تھا کہ ہمیں تمام قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں تشویشناک انسانی صورت حال کا بھرپور جائزہ لینا چاہیے۔

ٹیگس