Dec ۲۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • دوحہ میں ایران کے وزیر خارجہ کی صحافیوں سے گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نےدوحہ میں اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کی۔

سحرنیوز/ایران: وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبد الرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا ہمارے مذاکرات میں ایک اہم موضوع فلسطین اور غزہ اور غرب اردن کے شہریوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کی روک تھام اور انسان دوستانہ امداد کی ترسیل تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارتی مذاکرات سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ علاقہ، ایک جنگ بندی کی سمت بڑھ رہا ہے اور غزہ میں المیہ کے خاتمے اور فلسطینیوں کے مصائب کم کرنے کے لئے براہ راست اور بالواسطہ بات چیت ہو رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا امریکہ کا دعوی ہے کہ وہ سال ختم ہونے سے پہلے ایک طرح کی مفاہمت کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت بدستورغزہ میں جنگ اور محاصرے کی ضد کر رہی ہے لیکن علاقے میں کوششیں بھی جاری ہيں۔وزیر خارجہ نے کہا فطری طور پر حماس، فلسطینی قوم کی نمائندگی میں اس معاملے میں اصل فریق ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جنگ اور بچوں و خواتین کے قتل عام کے دوران کسی مفاہمت تک پہنچنا ممکن نہیں ہے اور اگر امریکہ اور دیگر فریق اس معاملے میں سنجیدہ ہیں تو ایک طرح کی جنگ بندی کے بعد مستقل جنگ بندی اور محاصرے کے خاتمے پر بات چیت کریں۔

ٹیگس