Dec ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • غرب اردن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی رپورٹ

اقوام متحدہ نے غرب اردن میں انسانی حقوق کی مخدوش صورت حال پر تشویش کا اظہار اور صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو ختم کیا جائے۔

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن میں تین سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان شہدا میں سے کم از کم ایک سو پانچ صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں شہید ہوئے جبکہ کم از کم آٹھ افراد یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں مارے گئے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینیوں کے خلاف غیر ضروری طاقت کا استعمال "انتہائی تشویشناک" ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک غرب اردن میں جار ہزار سات سو پچاسی فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض فلسطینی قیدیوں کو برہنہ کیا گیا، ان کی آنکھوں پر پٹی باندھی گئی اور ہتھکڑیاں باندھ کر کئی گھنٹوں تک کھڑا رکھا گیا، قیدیوں کو دیواروں کی طرف دھکیل دیا گیا، دھمکیاں دی گئیں، ان کی توہین اور تذلیل کی گئی اور بعض صورتوں میں ان کے ساتھ تشدد اور جنسی طور پر ہراساں بھی کیا گیا۔

ٹیگس