Jan ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں صحت کا نظام تباہ ہو رہا ہے، غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تشویش

انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹین گریفتھس نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے بہت خوفناک ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل مارٹین گریفتھس نے کہا کہ ہمیں غزہ کے شہریوں کی بڑے پیمانے پر دوسرے ممالک میں منتقلی کی حوصلہ افزائی کے منصوبوں کے بارے میں اسرائیلی وزراء کے بیانات پر تشویش ہے۔ گریفتھس نے کہا کہ یہ بیانات، غزہ کے عوام کی بڑے پیمانے پر جبری نقل مکانی کے امکان کے بارے میں سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں جو بین الاقوامی قانون کے تحت ممنوع ہے۔
اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے تاکید کی کہ غزہ کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو دوٹوک طور پر مسترد کیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے اس اعلیٰ عہدیدار نے مزید کہا کہ بعض ممالک نے پہلے ہی ایسے شہریوں کی میزبانی کی پیشکش کی ہے جو اپنے تحفظ کے لیے غزہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔ گریفتھس نے یہ بھی کہا کہ غزہ پر اسرائیل کا حملہ ایک ایسی جنگ ہے جو عام شہریوں پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات کا خیال کیے بغیر شروع کی گئی ہے اور یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ فلسطینی، شمالی غزہ واپس جا سکتے ہیں یا جاسکیں گے۔
اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ہے کہ رفح پر حملے کا دائرہ وسیع کرنا، اس متزلزل صورتحال میں انسانی بنیادوں پر اقدامات انجام دینے کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صحت کا نظام تباہ ہو رہا ہے اور قحط کا خطرہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے اور غزہ میں باقی بچے لوگوں کے لیے اقوام متحدہ کی تنصیبات مسلسل حملوں کی زد میں ہیں۔

ٹیگس