تل ابیب میں اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ کا نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ
اسرائیلی قیدیوں کے گھر والوں نے غزہ جنگ کے خلاف اور اپنے رشتےداروں کی رہائی کے لئے تل ابیب میں احتجاجی مظاہرے کئے ہيں۔
سحرنیوز/دنیا: گذشتہ شب اسرائیلی قیدیوں کے گھر والے بڑی تعداد میں تل ابیب میں اکٹھا ہوئے اور قیدیوں کی رہائی اور نیتن یاہو کابینہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اور ان کی کابینہ جلد سے جلد استعفی دے اور وقت سے پہلے انتخابات کرائے جائيں۔ اسرائیلی مظاہرین، قیدیوں کی رہائی کےلئے استقامت کے ساتھ مذاکرات کے بھی خواہاں تھے۔
تل ابیب میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود مظاہرین نے تل ابیب کی اصلی سڑکیں بند کردیں۔ ہزاروں لوگ صیہونی وزیراعظم کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور ان کے فورا مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
صیہونی ذرائع نے تل ابیب کی ایالون روڈ پر بھی مظاہروں کی خبر دی ہے۔ مظاہرین قیدیوں کے فوری تبادلے اور صیہونی قیدیوں کی رہائی کے لئے نعرے لگا رہے تھے۔ درایں اثنا مقبوضہ شہر حیفا میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہيں حیفا کے مظاہرین بھی نیتن یاہو کو معزول کئے جانے اور فورا انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔