Jan ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • جاپانی طیاروں کے تارے گردش میں، ایک اور حادثہ

حادثے جاپانی طیاروں کا پیچھا نہیں چھوڑ رہے ہیں لہٰذا اب ایک اور حادثہ جاپانی طیارے کے ساتھ ہوا ہے جس کی وجہ سے طیارے کو راستے میں سے ہی جاپان واپس جانا پڑا۔

سحر نیوز/ دنیا: آج کل مسافر بردار طیاروں میں دوران سفر مسافروں یا عملہ کے افراد کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ جاپانی طیارے میں رونما ہوا ہے جو امریکہ جا رہا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق جاپانی طیارے میں ایک امریکی شہری کی بدتمیزی اور ہنگامہ کھڑا کرنے کی وجہ سے طیارے کو راستے میں سے ہی واپس  ٹوکیو جانا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق امریکہ جانے والے آل نپن ایئرویز کے طیارے میں ایک امریکی شخص شراب پی کر ہنگامہ کرنے لگا۔ 55 سالہ امریکی شخص نے عملہ کی رکن ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور اس کو دانتوں سے کاٹ بھی لیا۔ تبھی بدتمیز امریکی مسافر کو نیند کی گولی دی گئی لیکن جب وہ ہوش میں آیا تو اسے کچھ یاد نہیں رہا کہ کیا ہوا تھا۔

جب یہ واقعہ پیش آیا تو طیارہ بحرالکاہل کے اوپر سے گزر رہا تھا اور اس پر 159 مسافر سوار تھے۔ طیارہ ٹوکیو کے ہنیڈا ہوائی اڈے واپس چلا گیا اور بدتمیز امریکی مسافر کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

2 جنوری کو بھی ٹوکیو ہوائی اڈے پر دو جہاز آپس میں ٹکرا گئے تھے اور ایک جہاز میں آگ لگ گئی تھی نیز 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس