غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قطر میں مذاکرات
صیہونی ذرائع نے خبردی ہے کہ غزہ میں قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں مذاکرات کے لئے اسرائیل کا ایک وفد آج قطر روانہ ہورہا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ایک صیہونی اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ شاباک اور موساد کے ارکان پر مشتمل اسرائیل کا ایک وفد پیر کو قطر پہنچ رہا ہے جہاں وہ قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں قطر کے سہولت کاروں سے بات چیت کرے گا۔ دوحہ مذاکرات میں قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں بات چیت کے علاوہ فائر بندی کے ممکنہ سمجھوتے پر بھی گفتگو ہوگی۔ اس گفتگو میں فلسطینیوں کی غزہ واپسی کے مسئلے پر تبادلہ خيال کیا جائے گا۔
دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر نے سی این این سے گفتگو میں صیہونی قیدیوں کی آزادی کے عوض غزہ میں عارضی جنگ بندی کے سمجھوتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
جیک سالیوان نے کہا کہ قطر اور مصر کو اس بارے میں حماس کے ساتھ گفتگو جاری رکھنا ہو گی اور قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ حماس کے اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک دن اس سلسلے میں حتمی سمجھوتہ طے پا جائےگا۔