غزہ کے تعلق سے امریکی رویئے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تنقید
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل نےسمندر کے راستے غزہ کے لئے امداد کی ترسیل کے نظریے پر کڑی تنقید کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکرٹری جنرل اگنیس کیلےمرڈ نے کہا کہ عارضی بندرگاہ کی تعمیر یا ہیلی برن آپریشن کے ذریعے غزہ تک امداد پہنچانے کی کوششیں غزہ میں جنگ کو ختم کرنے میں عالمی برادری کی نااہلی و ناتوانی کی علامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی، اسرائیلی حکومت کو زمینی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے یا اس کے ارسال میں تاخیر کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا رہا ہے۔ کیلے مرڈ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کو جوابدہ بنانا چاہیے، ہمارے پاس ان خلاف ورزیوں کو روکنے کی طاقت نہیں ہے۔ اس لئے امداد کی ترسیل کے لئے زمینی راستہ چھوڑ کر ہیلی برن آپریشن یا بندرگاہ کا قیام، عالمی برادری کی کمزوری اور عاجزی کی نشانیاں ہیں جبکہ دوسری طرف ہم ہتھیار بھیج رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ بندرگاہ کی تعمیر اور انسانی امداد کو سمندری راستے سے منتقل کرنے کے خیال پر توجہ مرکوز کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری اس صورتحال کے جاری رہنے کی توقع رکھتی ہے۔
انہوں نے سمندری راستے سے غزہ کے لئے امداد بھیجنے کے نظریے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیوں ہم ایسے مسئلے پر سرمایہ کاری کریں کہ جس میں دو مہینے کا وقت لگ جائے؟ یہ بہت تشویشناک بات ہے۔ غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک تیس ہزار سے زيادہ لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہيں۔