Mar ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • امداد رسانی میں اسرائیلی رکاوٹ دور کرنے پر زور

یورپی یونین کی کمشنر برائے ہم آہنگی اور اصلاحات ایلیسا فریرا نےغزہ کے لیے زیادہ سے زیادہ انسانی امداد کی ترسیل کے مقصد سے غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے-

سحرنیوز/دنیا: یورپی یونین کی کمشنر برائے ہم آہنگی اور اصلاحات ایلیسا فریرا نے یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں غزہ میں بڑے پیمانے پر قحط و بھوک مری کا خطرہ بڑھنے اور انسانی امداد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے بارے میں کہا کہ ہم غزہ میں ہونے والے المناک واقعات، جنگ کے فوری خاتمے، انسانی امداد میں اضافے اور قیدیوں کی رہائی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری محصور علاقوں میں کہ جہاں صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہيں اور غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح میں صیہونی حکومت کے منصوبہ بند فوجی آپریشن کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا کہ جس میں پندرہ لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ گزیں ہیں۔
یورپی یونین کی کمشنر نے کہا کہ جو کوئی بھی غزہ کی صورت حال کے بارے میں فکر مند ہے اسے اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہئے کہ وہ غزہ کو امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو شہریوں کو بھوک مری اور اسرائیلی فوج کے تشدد سے بچانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین، اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزیناں (آنروا) کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

ٹیگس