نہ نسل پرستی اور نہ نازی ازم، لندن کے مظاہرین کا نعرہ
فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نسل پرستی مخالف سرگرم کارکنوں اور اسلامو فوبیا کے مخالفین نے منگل کو لندن ، گلاسکو اور کاردیف میں مظاہرہ کیا ۔
سحر نیوز/ دنیا: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مظاہرین نے پہلے اس ملک کی وزارت داخلہ کے سامنے اجتماع کیا اور فاشزم اور نسل پرستی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ہم انتہا پسندوں کو معاشرے کی تقسیم کا باعث نہیں بننے دیں گے۔
مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ، نہ فاشزم ، نہ نسل پرستی، اور نہ نازی ازم اب دوبارہ کبھی نہیں ہوگا-
فلسطین کے حامیوں نے اس ملک کا پرچم بھی لہرایا اور انصاف کے حصول، نسل پرستانہ نظام کے خاتمے، اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کے قیام کے نعرے لگائے۔
لندن میں بائیسویں دن پے در پے مظاہرہ کرنے والے مظاہرین نے کہا کہ جب تک کہ مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام کا قتل عام جاری رہے گا مظاہرے جاری رہیں گے۔ ہونے والے مظاہرے میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کے دفتر تک مارچ کیا۔
واضح رہے کہ برطانوی لیبر پارٹی کے سابق رہنما اور اسرائیل مخالف معروف شخصیات میں سے ایک جرمی کوربن اس مظاہرے میں موجود تھے اور دیگر مظاہرین کے ساتھ ہی انہوں نے ایک بڑا پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا ، اسلامو فوبیا نہیں ۔ اس کے بعد مقررین نے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے تقریریں کیں، جس میں وزیر اعظم اور برطانوی حکومت کے ارکان کے نسل پرستانہ اور اسلام مخالف مواقف کی مذمت کی اور لندن سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کی حمایت بند کرے۔
اسی طرح فلسطینی قوم کی حمایت میں سینکڑوں مظاہرین نے سان فرانسسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اجتماع کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور صیہونی حکومت کے لیے امریکہ کی تمام فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر کے مطابق مظاہرین نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو اور آزاد فلسطین جیسے نعرے درج تھے۔
دیگر تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین نے ہوائی اڈے کے داخلی دروازے کے باہر ٹریفک بھی بند کر رکھی ہے اور وہ فلسطینی پرچم اور دیگر جھنڈوں کے ساتھ ہوائی اڈے کی سڑک کے سامنے مارچ کر رہے ہیں۔
غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک برطانیہ اورامریکہ میں فلسطینیوں کے حامیوں کی طرف سے مسلسل مظاہرے ہو رہے ہیں اس کے علاوہ متعدد فلسطینی حامی مظاہرین نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مظاہرہ کیا اور غزہ میں نسل کشی کے خاتمے اور اس پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔