Mar ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • دنیا کے کئی ممالک میں فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مظاہرے

دنیا کے مختلف ملکوں کےعوام نے ایک بار پھر مظاہرے کرکے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فرانسیسی مظاہرین فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی حکومت کے جرائم کی مذمت میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئےتھے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پیرس میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے فرانسیسی حکومت پر فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی صیہونی حکومت کے جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور فرانسیسی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نسل کش صیہونی حکومت کو فوجی ساز و سامان کی ترسیل بند کرے اور فلسطینیوں کے قتل عام سے باز رہے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں فلسطین کے حامی طلبا نے بھی ریلی نکال کر فلسطین کو آزاد ہونا چاہیے، فلسطین کی راہ میں جدوجہد جاری ہے، کے نعرے لگائے۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی فلسطین کے حامیوں نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور ٹروڈو پر فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی صیہونی حکومت کے جرائم کی حمایت کا الزام لگایا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں بھی فلسطین کے حامیوں نے امریکی سفارت خانے کے سامنے جمع ہو کر غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دورۂ جنوبی کوریا کی مذمت کی۔
سویڈن کے شہریوں نے بھی مظاہرے کرکے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کا اعلان کیا۔

ٹیگس