نوروز نئے سال کے آغاز، موسم بہار کی آمد اور فطرت کے دوبارہ زندہ ہونے کا جشن ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایک ویڈیو پیغام میں نو روز کے انسانی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے اتحاد اور بھائی چارے کی تقویت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے عید نوروز کی مناسبت سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میرے عزیز دوستو! نوروز نئے سال کے آغاز ، موسم بہار کی آمد اور فطرت کے دوبارہ زندہ ہونے کا جشن ہے-انہوں نے اپنے نوروز کے پیغام میں کہا ہے کہ یہ جشن لاکھوں افرادکو جو مختلف قوم و نسل کے ہیں آپس میں ملاتا ہے اور اس مشکل وقت میں، جشن نوروز باہمی گفتگو، اچھی ہمسائیگی اور مفاہمت کو فروغ دیتا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ یہ جشن اقوام متحدہ کے اہداف اور اقدار، انسانی حقوق اور انسانی وقار کو تقویت دیتا ہے، لہذا آئیے سب مل کر نوروز کے جذبے سے رہنمائی حاصل کریں ۔ آئیے خود میں ایسی طاقت پیدا کریں کہ باہمی اختلافات کو دور کریں، اتحاد کو مضبوط کریں اور ایک دوسرے کی مدد و حمایت کریں۔
گوترش نے مزید کہا کہ ہم بہار کی صبح میں، اپنے دلوں میں امید کے نئے بیج اگائيں۔ امید ہے کہ ہم ایک انسانی خاندان کے طور پر ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکتے ہیں ، میں نوروز منانے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ، میں آرزو کرتا ہوں کہ یہ جشن سب کے لیے امن و سلامتی اور خوشی لائے۔